کوئٹہ، ڈیرہ مرادجمالی، گنداواہ (سٹاف رپورٹر ، نامہ نگاران، نیٹ نیوز) بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 3 مزدور ہلاک ہو گئے ۔ تحصیل ٹمبو کے پولیس تھانہ منجھوشوری کی حدود گوٹھ رئیس نذیراحمد میں گزشتہ شب نامعلوم افراد نے بھوسہ فیکٹری میں سوئے ہوئے مزدوروں پر حملہ کرکے فائرنگ کردی جس کے باعث 3مزدور موقع پر ہی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ مرنے والوں میں گنگلی،ارجی اورمیرماچھی شامل ہیں۔پولیس کا کہنا تھا متاثرہ مزدوروں کا تعلق ہندو برادری سے تھا اور وہ صوبہ سندھ کے علاقے ٹنڈو آدم سے تعلق رکھتے تھے ۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے ۔ بعد ازاں ضروری کارروائی کے بعد ان کی لاشوں کو ان کے آبائی علاقے ٹنڈوآدم روانہ کردیاگیا۔ علاوہ ازیں سیٹلائٹ ٹائون بم دھماکے کے شہدا کو سپردخاک کردیا گیا، دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا، کوئٹہ کی فضا منگل کو بھی سوگوار رہی،بم دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس کمانڈو سید مشتاق شاہ کو ڈیرہ مراد جمالی میں سپرد خاک کردیا گیا، نماز جنازہ دینارفٹبال سٹیڈیم ڈیرہ مراد جمالی میں ادا کی گئی ، تدفین مقامی قبرستان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ کردی گئی۔ بم دھماکے میں شہید جھل مگسی کے ذوالفقار علی مگسی کے جسدخاکی کو آبائی گائوں کوٹ مگسی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔