لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر کنی نوری متسوڈا نے کہاہے پاک چین اکنامک کوریڈوردونوں ملکوں کا باہمی منصوبہ ہے لیکن جاپانی کمپنیاں اس سے جڑے ذیلی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرسکتی ہیں۔وہ لاہور پریس کلب کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگوکر رہے تھے ۔ جاپانی سفیر نے کہاکہ وہ میڈیاکے سفارتکاروں سے قریبی تعلقات کو قوموں کے درمیان رابطے بڑھانے کا اہم ذریعہ سمجھتے ہیں ۔ پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے اس موقع پر جاپانی سفیر کنی نوری متسوڈا کو لاہور پریس کلب کی اعزازی ممبرشپ دینے کا اعلان کیااوربعدازاں انھیں سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا۔ پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئرنائب صدر ذوالفقار علی مہتو، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد، خزانچی سالک نواز ،ممبر گورننگ باڈی نے معززمہمان کو پریس کلب آمدپر خوش آمدید کہا۔