اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد نے وزارت خارجہ میں وزیر خار جہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال، افغان امن عمل کے حوالے سے خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ زلمے خلیل زاد نے کراچی سٹاک ایکسچینج پر حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی اور جوانوں کی مثالی جرات کو سراہا ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان امن عمل، اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اس موقع پر ہمیں ان عناصر سے خبردار رہنا ہو گا جو افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔پاکستان مشترکہ ذمہ داری نبھاتے ہوئے ، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار، خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پورے خطے کی تعمیر و ترقی کا انحصار افغانستان میں قیام امن سے مشروط ہے ۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق بھی اس موقع پر موجود تھے ۔بعد ازاں پاکستان کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان محمد صادق نے بھی شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت، اپنی داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے ، خطے کے امن کو سبوتاژ کر سکتا ہے ۔ وزیرخارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت مسلسل کوشش کرتاچلاآرہاہے کہ پاکستان اور افغانستان میں عدم استحکام ہو۔بھارت بلوچستان میں مسلسل مداخلت کررہاہے ۔وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اوریورپی یونین ائیر سیفٹی ایجنسی کی جانب سے (پی آئی اے ) پر پابندی کے حوالے سے واضح کیا کہ پاکستان، مسافروں کی جانوں کے تحفظ اور سفری سہولیات کے بین الاقوامی معیار پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے پی آئی اے میں جامع اصلاحات لا رہا ہے ۔