اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) پاکستان نے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ کرلیا، شاہین تھری میزائل سالڈ راکٹ فیول سسٹم کا حامل ہے اور 2750 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بناسکتا ہے ، میزائل روایتی اور جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ شاہین تھری زمین سے زمین پر مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل افتخار بابر کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کا مقصد ہتھیاروں کے نظام کے مختلف ڈیزائن اور تکنیکی پیرا میٹرز کا جائزہ لینا تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ حالیہ تجربے سے شاہین بیلسٹک میزائل کے ڈیزائن اور تکنیکی پہلوؤں کی ایک بار پھر توثیق کی گئی ہے ۔