مکرمی !تعلیم کسی بھی قوم یا معاشرے کیلئے ترقی کی ضامن ہے۔ یہی تعلیم قوموں کی ترقی اور زوال کی وجہ بنتی ہے۔ تعلیم حاصل کرنے کا مطلب صرف سکول‘کالج یونیورسٹی سے کوئی ڈگری لینا نہیں بلکہ اسکے ساتھ تعمیر اور تہذیب سیکھنا بھی شامل ہے تاکہ انسان اپنی معاشرتی روایات اور اقتدار کا خیال رکھ سکے۔آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی ‘مظفرآبادریاست کی قدیم اور عظیم درسگاہ ہے۔آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی‘ کنگ عبداللہ کیمپس کا افتتاح جمعہ 4 اگست 2023 ء کو ایک شاندارتقریب میں کیا گیا۔جامعہ کشمیر ایک مثالی ادارہ ہے۔ جس نے ہمیشہ خطہ کی ترقی‘خوشحالی اور خطہ کشمیر کی نیک نامی میں مثالی کردار اداکیا اور اب بھی بھر پور انداز میں کر رہی ہے۔جامعہ کشمیر نے ہمیشہ اپنے طلبا ء و طالبات کو روشن مستقبل کی طرف رہنمائی کی۔ تحقیق و تخیل کی نئی راہیں ہموار کی۔ اس جامعہ سے فارغ التحصیل پاکستان ہی نہیںبیرون ممالک بھی اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ جو اس جامعہ کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ خطہِ کشمیر میں اس اعلیٰ تعلیمی درسگاہ کورہنما کی حیثیت حاصل ہے۔ طلباء کی بہترین تعلیمی رہنمائی کے ساتھ ان کی کردار سازی بھی اعلیٰ تعلیم کے اہداف حاصل کئے جانے کا سفر تیزی سے جاری و ساری ہے۔ دس ارب روپے کی خطیر سعودی امداد سے تعمیر ہونے والے ’آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی ‘کے کنگ عبداللہ کیمپس میں شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔پہاڑوں کے دامن میں جدید ترین سہولیات سے لیس یونیورسٹی کشمیر کے طلبا کے روشن مستقبل کی اُمید پیدا کر دی ہے۔ اساتذہ اپنے طلبا و طالبات کے لئے آئیڈیل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ صرف اساتذہ ہی ہیں جو طلباء کے لئے احترام انسانیت کا عملی نمونہ بن کر ان کے کردار و شخصیت میں مثبت تبدیلیاں لا رہے ہیں۔ جامعہ کشمیراس خطہ کی ایک اہم پہچان ہے۔ جس کے کردار سے انکار ممکن ہی نہیں۔(عابد ضمیر ہاشمی، آزادکشمیر)