اسلام آباد(خبر نگار خصوصی؍ مانیٹرنگ ڈیسک) سابق مشیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان کا تجارتی خسارہ 56 سو ارب سے زیادہ، جانے والے شہباز شریف کے لئے بارودی سرنگ بچھا کر گئے ، انہوں نے سستی شہرت کے لئے ملک کا مستقبل داؤ پر لگا دیا لیکن ہم صورتحال میں بہتری لاکر دکھائیں گے ۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا فوری مہنگائی کم نہیں کر سکتے ، کرنسی ڈی ویلیو کر دی گئی، گندم، چینی اور کھاد سمگل کی گئی، اب واپس تو لا نہیں سکتے ، ہم نے فوری طور پر تنخواہوں میں اضافہ کیا تاکہ کچھ تو لوگوں کو فائدہ ہو۔انہوں نے کہا میثاق معیشت 2018 میں بھی کرنے کو تیار تھے ، تحریک انصاف والے جھوٹے ضرور ہیں لیکن ہمارے بھائی ہیں، عمران خان جھوٹ بول رہے ہیں ،ہمیں یہ سنجیدہ نہیں لینا چاہئے ، پہلے کہتے تھے ہم نے پیسے دیئے ، بعد میں امریکی سازش آگئی، آپ نے سستی شہرت کے لئے ملک داؤ پر لگا دیا۔مفتاح اسماعیل نے کہا پرائس مانیٹرنگ کا نظام بہتر کیا جائے گا، کل سٹاک مارکیٹ 1700 پوائنٹس اوپر گئی، سابق حکومت نے کہا تھا کہ 4 ہزار ارب کا خسارہ ہوگا، ملکی خسارہ 5600 ارب سے تجاز کرچکا، رواں سال 6400 ارب روپے خسارے کا تخمینہ لگایا گیا ، وزیراعظم نے کم ازکم اجرت 25 ہزار روپے مقرر کرنے کا اعلان کیا،نوازشریف کی حکومت جب ختم ہوئی تھی ہم چینی اور گندم برآمد کر رہے تھے ، ہم کسانوں کیلئے بجلی کی قیمتوں پر نظرثانی کرینگے ، پی آئی اے اور سٹیل ملز کی نجکاری ہونی چاہئے ، ہمیں سٹیل ملز اور پی آئی اے کے ملازمین کی نوکریوں کا بھی خیال رکھنا ہے ۔