جہانیاں،اوکاڑہ،سیالکوٹ،وہاڑی،قصور،صوابی (نامہ نگار،ڈسٹرکٹ رپورٹرز،نمائندہ 92نیوز) جہانیاں کے نزدیک اڈا پرویز والا پر ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل میں تصادم سے 4افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ، ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور کو پٹرولنگ پولیس سے مقامی لوگ چھین کر لے گئے ۔ تفصیل کے مطابق اڈاپرویز والا کے قریب چک نمبر170/10Rکے رہائشی عبداللطیف، اسکی بیوی فضلیت ،4سالہ حسنین، ایک سالہ عیزا موٹر سائیکل پر سوار ہو کر شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے چک نمبر107/10R جا رہے تھے کہ مخالف سمیت سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی نے تیز رفتاری کے باعث چاروں کو کچل ڈالا۔ اوکاڑہ کے نواحی قصبہ محلہ راٹھورانوالہ حویلی لکھا کے رہائشی علی شاہ اپنی والدہ اور ہمشیرہ ناصرہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جارہے تھے کہ اچانک تیز رفتار کار نمبر ایل ای اے 7462نے بے قابو ہو کر ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ناصرہ موقع پر جاں ہوگئی جبکہ اس کا بھائی علی شان اور والدہ شدید زخمی ہوگئے ۔ادھر وہاڑی میں ملتان روڈ اڈہ شبیر شاہ کے نزدیک موٹر سائیکل پر سوار 3 افراد ٹرالر کے نیچے آگئے جن میں سے ایک موقع پر جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت 22 سالہ امجد کے نام سے ہوئی ۔علاوہ ازیں نواحی قصبہ 17ون اے ایل کے رہائشی انور کا نوجوان بیٹا اسحاق کا مفلر چارہ کاٹنے والی مشین میں آگیا جس کے نتیجے میں اسحاق کی گردن کٹ گئی اور موقع پر جاں بحق ہوگیا۔دریں اثنا ڈسکہ کے نواحی علاقے کوٹلی چھمب والی کا نوجوان بلال عمان میں ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہو گیا ۔ادھر کو ٹ را دھا کشن کے نوا ح میں 5 سا لہ بچہ انس نہر میں ڈو ب کر جا ں بحق ہو گیا۔علاوہ ازیں صوابی کی یونین کونسل مانیری بالا کے گاؤں نظری ڈھیری میں مکان کی دیوار گرنے سے 3کمسن بچے جاں بحق جبکہ خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ نظری بانڈہ میں رہائش پذیر افغان مہاجر زردان کے تین بچے گھرکی چار دیواری کے سائے میں کھیل رہے تھے کہ حالیہ بارشوں سے بوسیدہ ہونے والی دیوار ان پر آن گری ۔