لاہور،اسلام آباد،ملتان (سٹاف رپورٹر ،نامہ نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر،نیوزایجنسیاں)مسلم لیگ ن نے 28مئی 1998 کو کئے گئے ایٹمی تجربات کی یاد میں ملک بھر میں یوم تکبیر منایا۔ملتان میں یوم تکبیر کی تقریب سے اکثر ن لیگی رہنما غائب رہے جبکہ بعض نے یوم تکبیر سوشل میڈیا پر پوسٹس شیئر کر کے منایا ۔ماڈل ٹائون لاہور میں مرکزی تقریب سے ویڈیو لنک خطاب میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ایٹمی دھماکے کرنے کے لئے نوازشریف نے دباؤ، دھمکیاں اور بھاری معاشی پیکج مسترد کرتے ہوئے پاکستان کے قومی مفاد اور دفاع پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کیا، جوہری صلاحیت اور افواج پاکستان کی صورت میں آج پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیرہے لیکن ملکی معیشت کو ناقابل تسخیر اور مضبوط بنانا ہوگا، معاش اور دفاع جڑے ہوئے ہیں، ملکی دفاع آج ہر لحاظ سے مضبوط ہے ۔اکانومی کو مضبوط کرلیں تو کوئی ہمارا بال بیکا نہیں کرسکے گا۔ پوری قوم، سیاستدانوں اور تمام اداروں کو من حیث القوم معیشت کی مضبوطی کے لئے سوچنا اور لائحہ عمل بنانا ہوگا کیونکہ مضبوط، متحد اور معاشی قوت کا حامل پاکستان نہ صرف خطے ، پوری دنیا بلکہ عالم اسلام کے لئے بھی ناگزیرہے ۔شہبازشریف نے کہا ذوالفقار علی بھٹو سے شروع ہونے والا قومی سلامتی ودفاع کی امانت کا سفرمختلف قیادتوں، حکومتوں سے ہوتا، سائنسدانوں، انجینئرز، افواج پاکستان سب کی اجتماعی کاوشوں کا ثمر اَوجِ کَمال کو پہنچا۔ ْاس وقت کے وزیراعظم محمد نوازشریف کے حصے میں قدرت نے یہ خوش بختی لکھی کہ انہوں نے پوری قوم کے جذبات واحساسات کی ترجمانی کرتے ہوئے جرات واستقامت کے ساتھ ایٹمی دھماکے کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا۔ اﷲ تعالی پر کامل ایمان، لاالہ اﷲ کے ورد کے ساتھ جب سیاہ پہاڑ دھنکی ہوئی سفید روئی میں تبدیل ہوئے تو نعرہ تکبیر اﷲ اکبر نے دھرتی ہلا دی، نوازشریف کے اس اقدام سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا اور دشمن کے دانت کھٹے ہوگئے ۔ ایاز صادق نے کہا مسلم لیگ ن کو اپنے قائد و لیڈر شپ پر فخر ہے ۔سینیٹر پرویز رشید نے کہا اٹھائیس مئی کو نوازشریف نے اپنا فرض ادا کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا نوازشریف نے دھماکے کرکے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا،نوازشریف کو پاکستان نہیں آنا چاہئے کیونکہ انصاف ہی نہیں مل رہا۔شاہد خاقان عباسی نے کہاشیردلیر نوازشریف کی صاف دل، صاف ذہن اورجرأتمند قیادت ایٹمی دھماکے نہ کرتی تو آج تاریخ مختلف ہوتی۔ احسن اقبال نے کہا نوازشریف کے ایک فیصلے نے پاکستان کو پوری دنیا میں باعزت مقام دلایا ۔ رانا ثنائاللہ نے کہا یہ دن نواز شریف کے نام سے جڑا ہے حکمران اس لیے یہ دن نہیں منا رہے ۔رانا ثنا نے لیگی وکلا کے ساتھ ملکر یوم تکبیر کے حوالے سے کیک کاٹا ۔ دریں اثنا مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں تقریب کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نواز شریف کے باوفاساتھیوں پر فخر ہے ۔ قربانیاں دیں، سختیاں جھیلیں، بدترین دہشت دھونس اور دھاندلی کا سامنا کیا مگر قائد نواز شریف اور جماعت کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ آپ سب کو بھی سلام۔