ملتان (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ میں نے پہلے کہہ دیا تھا ایسی پارلیمنٹ بنائی جارہی ہے جو ہنگ پارلیمنٹ ہوگی،پارلیمنٹ تو بن چکی ہوگی ساتھ اسکو پھانسی دینے کا بھی فیصلہ سنایا جاچکا ہوگا، اوپن ہارس ٹریڈنگ ہو رہی ہے جس کو مینڈیٹ ملا ، اس کو قبول کرلیا جائے ، پارٹیاں آزاد ارکان کے سامنے جھکی ہوئی ہیں ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نتائج لیکر عمران بحران میں پھنس گئے ، عمران مرضی سے وزیر بناسکتے ہیں نہ وزیراعلیٰ کا نام پیش کرسکتے ہیں۔ انہوں نے جو سو دن کا ایجنڈا دیا تھا و ہ ایک روز بھی اس پر عمل نہیں کرسکتے ۔اپوزیشن پارٹیوں سے کہتا ہوں یہ سسٹم آٹھ ماہ سے ایک سال نکالے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی الیکشن کے نتائج قبول نہیں کررہا، میں بھی نہیں کرتا۔ میرے گھر کے قریب پولنگ سٹیشن سے لوگوں کو نکال دیا گیا۔ہم نے تو ایسے الیکشن دیکھے ہیں نہ سنے ہیں ۔عمران کے بعد اگلا چہرہ جمہوریت کا نہیں کوئی اور ہوگا۔ ملک میں ایک الیکشن بھی ایسا نہیں جو اسٹیبلشمنٹ کے بغیر ہوا ہو ۔