پشاور(نامہ نگار) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر فضل الرحمن نے کہاہے کہ حکمرانوں کو بین الاقوامی ایجنڈے کی تکمیل کی اجازت نہیں دی جا ئے گی، اسرائیل کی حمایت،مدارس کے خلاف کارروائیاں،علماء کرام پر حملے بین الاقوامی ایجنڈے کا حصّہ ہیں،31 مارچ سرگودھا،21 اپریل ضلع خیبر اور 28 اپریل کو مانسہرہ میں ملین مارچ کریں گے ، اسلام آباد کا ملین مارچ حکمرانوں کے عزائم کو زمین بوس کردیگا۔ میر علی وزیرستان میں جمعیت علمائے اسلام فاٹا کے زیر اہتمام تخفظ ناموس رسالت ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دینی مدارس پر پابندیاں اور علماء کی گرفتاریوں سے ناموس رسالت کے قافلے کو روکا نہیں جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ کہ جعلی حکمران دھاندلی کے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگیں، قوم ان نااہل حکمرانوں کے خلاف میدان عمل میں اترچکی ہے جس طرح عوام کے دباؤپر میاں عاطف قادیانی کا فیصلہ واپس لیاگیا اسی طرح حکمرانوں کو اپنے مذموم عزائم سے پیچھے ہٹنا پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کی آڑ میں مادر پدر آزادی کی اجازت نہیں دی جا ئے گی ،اسلامی تہذیب کی حفاظت اور اس کے دفاع ملک کی سلامتی کے لئے بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،انہوں نے کہا کہ کہ حکمران ملک کو قرضوں پر چلا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ کہ مفتی تقی عثمانی جیسی غیر متنازعہ شخصیت پر قاتلانہ حملہ ایک منظم سازش کا حصہ ہے ،مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ملک دشمن، پالیسیوں اور اسلام دشمن اقدامات کے خلاف ملین مارچ کا سلسلہ جاری رہے گا۔