اسلام آباد(نیٹ نیوز) حکومت نے کہاہے تحقیقاتی کمیٹیوں کی سفارشات پر ضرور عمل کیا جائے گا۔چینی اور آٹا بحران پر تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹس پر حکومت کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اوروزیراعظم عمران خان شفافیت اور احتساب کو جمہوریت کا بنیادی اصول اور گڈ گو رننس کا خاصہ سمجھتے ہیں۔ چینی اور آٹا بحران کے ذمہ داروں کے تعین کے لیے وزیراعظم کی طرف سے دو انکوائری کمیٹیاں ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں تشکیل دی گئیں۔ کمیٹیوں نے گندم اور آٹے کے معاملے اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کا جائزہ لیا، دونوں کمیٹیوں کی طرف سے انکوائری رپورٹس پیش کی گئیں تاہم مزید وضاحت کے لیے اضافی سوالات دیئے گئے ہیں، وزیراعظم نے دونوں کمیٹیوں کی رپورٹس اور اضافی سوالات کے جوابات عوام کے لیے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ کابینہ نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کا تحقیقاتی دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا، کمیٹی کو انکوائری کمیشن ایکٹ 2017ء کے تحت انکوائری کمیشن کا درجہ دے دیا گیا تھا۔