لاہور(قاضی ندیم اقبال) صوبائی محکمے اور ادارے ملکی و غیر ملکی خط و کتابت و ڈاک رسانی کے لئے پاکستان پوسٹ کی خدمات حاصل کرنے کے از سر نوپابند بنا دئیے گئے ۔ وفاقی حکومت کے فیصلے کی روشنی میں صوبائی حکومت نے باضابطہ طور پر احکامات جاری کر دئیے ۔ پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب کی جانب سے ایک مراسلہ چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کو موصول ہوا۔ جس میں قرار دیا گیا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلہ کی روشنی میں تمام وفاقی و صوبائی ادارے ملکی و غیر ملکی سطح پر ڈاک رسانی کے لئے پاکستان پوسٹ کو ترجیح دینے کے پابند ہیں ۔لہذا ضروری ہے کہ ادارے کو ترجیحی بنیادوں پر بزنس دیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق مراسلہ کی روشنی میں سیکشن آفیسر(ایف جی ) ، آئی اینڈ سی ونگ ،سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ، حکومت پنجاب نے تمام اداروں ،محکموں، کمشنرز،اور ڈپٹی کمشنرز کو اس ضمن میں ہدایات جاری کر دی ہیں ۔