اسلام آباد، لاہور(وقائع نگار خصوصی، اپنے نیوز رپورٹر سے )سیکرٹری الیکشنکمیشن بابر یعقوب فتح نے کہاہے کہ انتخابات غیر جانبداری سے اور بغیر کسی دبائو کے ہو رہے ہیں، تمام ادارے انتخابات کیلئے تعاون کر رہے ہیں، ہم پر کسی ادارے کا دبائو نہیں ،الیکشن میںتمام سیاسی جماعتوں کیلئے یکساں مواقع موجود ہیں ، جہاں سے شکایت موصول ہوتی ہیںایکشن لیا جاتا ہے ، اقوام متحدہ کی فہرست میں جو تنظیمیں شامل ہیں انہیںانتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ، پولنگ سکیم جلد گوگل میپ پر جاری کر دی جائیگی۔ انہوںنے کمیشن کے افسران کے ساتھ پریس کانفر نس میںکہا کہ الیکشن کی تیاریاں منصوبہ بندی کے مطابق جاری ہیں ، بیلٹ کی ترسیل کا کام مکمل ہو گیا ، اکثر شکایات ملتی تھیں کہ پولنگ کا سامان کم ہے ، اس بار 3سے 4جگہوں سے ایسی شکایات موصول ہوئیں جس کا تدارک کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹل بیلٹ کے طریقہ کا رپر گہری نظر رکھی جائیگی ،چاروں چیف سیکرٹریز سے بات ہوئی ، ان کی جانب سے بتایا گیا کہ پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ سکیورٹی فورسز کے ضابطہ اخلاق پر بات ہو رہی ہے ، ساڑے چار لاکھ پولیس اہلکار اور ساڑے تین لاکھ فوجی جوان الیکشن والے دن ڈیوٹی دینگے ، پریذائیڈنگ افسر انچارج ہونگے ، پولنگ شروع کروانا ، ختم کروانا ، گنتی کے حوالے سے تمام ذمہ داری پریذائیڈنگ افسر کی ہو گی، فوجی حکام الیکشن کمیشن کے ماتحت کام کرینگے ،انتخاب الیکشن کمیشن کروا رہا ہے ، اس میں شک و شبہ کی گنجائش نہیں ، عالمی مبصرین کو بھی اس حوالے سے بریفنگ دی ہے ۔بابر یعقوب نے کہا کہ 8300 کی سروس کامیاب جا رہی اور 70لاکھ لوگوں نے اس سے معلومات حاصل کیں، تمام سیاسی جماعتیں انتخابی مہم چلا رہیں ہیں ، ہم ٹی وی پر دیکھ رہے ہیں ، سب کو انتخاب میں یکساں مہم چلانے کے مواقع مل رہے ہیں ۔این این آئی کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہاکہ یہ تاثر غلط ہے کہ کسی ادارے نے الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون سے انکار کیا ہے ، فوج ،عدلیہ اور صوبائی حکومتوں سے جو بھی مدد مانگی گئی وہ فراہم کی گئی۔ انہوںنے کہا کہ لوگ الیکشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے ، ٹرن آئوٹ پہلے سے بہتر رہے گا، تمام ووٹرصاحبان سے گزارش ہے کہ وہ ضرور آئیں اور پرامن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں اور ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے اپنا کردار ضرور ادا کریں ۔