پشاور ( سٹاف رپورٹر)پشاور سے دبئی جانے والے پی آئی اے کی پرواز میں بم کی افواہ سے مسافروں میں کھلبلی مچ گئی، جہاز کو ٹیک آف کے فوری بعد رن وے پر واپس اتار لیاگیا ،انتظامیہ کی جانب سے 4 گھنٹے کی کلیئر نس کے بعد جہاز کو روانہ کیا گیا ، باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر پشاور سے کراچی جانے والے جہاز میں بم کی افواہ کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی،اطلاع کے بعد جہازکپتان نے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کے بارے میں کنٹرول ٹاور کو آگاہ کر دیا، طیارہ لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں کو اتار لیا گیا،اطلاع کے بعد اندرون ملک اور بیرون ملک جانے والی پروازوں کو روک دیاگیا ، ائیر پورٹ پر بم ڈسپوزل سکواڈ اور دیگر حکام کو طلب کیا گیا اور 4 گھنٹے کی سرچ آپریشن کے بعد جہاز کو کلیئر قرار دیاگیا جہاز کو کلیئر قرار دینے کے بعد پشاو ر سے دبئی جانے والی پرواز چار گھنٹے کی تاخیر سے اپنی منزل مقصود کے لئے روانہ ہو ئی ،پروازوں کی روانگی میں تاخیر کے بعد مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر پی آئی اے کے جہازکو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والوں کے خلاف تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں کہ یہ اطلاع کس نے دی ہے ۔ پی آئی اے کی پرواز میں 365سے زائد مسافر دبئی جارہے تھے ۔