اسلام آباد ، کراچی (لیڈی رپورٹر،سٹاف رپورٹر،صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کیخلاف دہری شہریت چھپانے پر نااہلی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں وفاقی وزیر، سیکرٹری کابینہ ڈویژن اور سیکرٹری قانون وانصاف کو فریق بنایا گیا اورموقف اپنایاگیا ہے کہ2018ء کے الیکشن کے نامزدگی فارم جمع کراتے ہوئے فیصل واوڈا امریکی شہریت رکھتے تھے جبکہ دہری شہریت نہ ہونے کا جھوٹا حلف نامہ جمع کرا کر بدد یانتی کی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فیصل واوڈا کو نااہل کیا جائے ، رکنیت فوری معطل کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر ریکوری کی جائے جبکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔ادھرسیشن جج جنوبی کراچی نے وفاقی وزیر فیصل وا وڈا کیخلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے دائر درخواست پر ایک مرتبہ پھر ایس ایس پی جنوبی،ایس ایچ او میٹھا در کو 31 جنوری کیلئے نوٹس جاری کردئیے ، درخواست پی پی رہنما قادر خان مندو خیل کی جانب سے دائر کی گئی ہے کہ وفاقی وزیرنے 14 جنوری کو نجی ٹی وی چینل کے شو میں سینیٹر جاوید عباسی کے خلاف غیر پارلیمانی گفتگو کی، بوٹ اٹھا کر ٹیبل پر رکھ دیا، پیپلز پارٹی پر بے بنیاد الزامات لگائے ۔