اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر)وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ انتخابی اصلاحات، الیکٹرانک ووٹنگ اور اوورسیز پاکستانیوں کو حق رائے دہی دینے کا عمل جلد مکمل کیا جائے ۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ ہدایت انہوں نے جمعرات کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے حوالے سے منعقدہ بریفنگ کے دوران دی۔ عمران خان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے انتخابی عمل میں استعمال میں شفافیت اور تمام آئینی تقاضوں کو پورا کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ موجودہ حکومت ملک کے انتخابی عمل میں شفافیت یقینی بنانے کے حوالے سے پر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا انتخابی عمل میں دھاندلی روکنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال واحد آپشن ہے ۔ وزیراعظم نے کہا اوورسیز پاکستانیز ملک کا اثاثہ ہیں ان کو انتخابی عمل میں لازماً شریک بنائیں گے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے راوی اربن سٹی اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں پانی کی کمی اور بڑے شہروں میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پانی کی کمی کو پورا کرنے اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے ۔ وزیر اعظم نے واٹر ٹریٹمنٹ اور ویسٹ واٹر ڈسپوزل کے ضمن میں ایک مربوط اور جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعظم نے قومی رابطہ کمیٹی برائے ہائوسنگ، تعمیرات و ترقی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا تعمیرات کا شعبہ ملکی ترقی اور معاشی نمو میں اہم ترین کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے تمام متعلقہ وفاقی محکموں اور صوبائی حکومتوں کو تاکید کی کہ سرمایہ کاروں کے مسائل فوری حل کئے جائیں، زراعت کے زیر استعمال اور جنگلات کے لئے مختص زمین کسی صورت تعمیرات کے لئے استعمال نہیں ہونی چاہئے ۔وزیر اعظم نے نقشہ بندی کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم سے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ملاقات کی ۔