لاہور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف نے کہا ہے آج میں اپنی جماعت کو ہدایات جاری کررہا ہوں کہ آئین پاکستان کے تقاضوں اور خودمسلح افواج کواپنے حلف کی پاسداری یاد کرانے کے لئے آئندہ ہماری جماعت کا کوئی رکن،انفرادی،جماعتی یا ذاتی سطح پر عسکری اور متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندوں سے ملاقات نہیں کرے گا۔قومی دفاع اور آئینی تقاضوں کے لئے ضروری ہوا تو جماعتی قیادت کی منظوری کے ساتھ ایسی ہر ملاقات اعلانیہ ہوگی اور اسے خفیہ نہیں رکھا جائے گا۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا حالیہ واقعات سے ایک بار پھر ثابت ہوتا ہے کہ کس طرح بعض ملاقاتیں سات پردوں میں چھپی رہتی اور کس طرح بعض کی تشہیر کرکے مرضی کے معنی پہنائے جاتے ہیں،یہ کھیل اب بند ہوجانا چاہئے ۔