تہران(نیٹ نیوز )ایران کا فوجی طیارہ رہائشی علاقہ میں گرکر تباہ ہونے سے 3افراد ہلاک ہوگئے ۔حادثہ مغربی شہری تبریز میں پیش آیا،مرنے والوں میں عملہ کے 2ارکان بھی شامل ہیں ،تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ۔ایران کے سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق پیر کو ایک ایرانی فوجی لڑاکا طیارہ شمال مغربی شہر تبریز کے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا ہے ۔ اس حادثے میں ایک شہری اور جہاز کے عملے کے دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ فلاحی تنظیم ہلالِ احمر کے مقامی سربراہ کا کہنا ہے کہ فوجی طیارہ ایک سکول سے ٹکرایا تھا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک شخص علاقے کا رہائشی تھا۔ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اپنی ویب سائٹ پر اس حادثے کی ویڈیو فوٹیج پوسٹ کی جس میں فائر فائٹرز کو جائے حادثہ پر آگ بجھاتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔