تہران،میونخ(نیٹ نیوز ،صباح نیوز ) ایرانی پارلیمنٹ میں جوہری معاہدے میں دوبارہ شمولیت کی شرائط منظور کرلی گئیں۔ تمام امریکی پابندیوں کا خاتمہ ،واشنگٹن ، یورپی ممالک کے بحال شدہ جوہری معاہدے سے نہ نکلنے کی ضمانت بھی شرائط میں شامل ہیں دوسری جانب سعودی عرب نے ایران سے مذاکرات کے نئے دور کا اعلان کردیا،سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل کے مطابق سال 2015 کا معاہدہ بحال کیا جاتا ہے تو یہ علاقائی مسائل کے حل کا آغاز ہونا چاہیے نہ کہ اختتام،ایران کو بھی سنجیدہ خواہش کا اظہار کرنا ہو گا ۔تفصیلات کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ میں ملک کے دوبارہ جوہری معاہدے میں شامل ہونے سے متعلق شرائط کثرت رائے سے منظور کرلی گئیں،ایرانی پارلیمنٹ میں ملک کے جوہری معاہدے میں دوبارہ شامل ہونے کے معاملے پر بحث ہوئی۔ ایرانی میڈیا نے مزید بتایا کہ ایرانی پارلیمنٹ کے 250 ارکان کا شرائط پر مبنی مشترکہ بیان جاری ہوا ہے ، جس کے مطابق تمام امریکی پابندیوں کا خاتمہ معاہدے کی شرائط میں شامل،ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا، یورپی ممالک کے بحال شدہ جوہری معاہدے سے نہ نکلنے کی ضمانت بھی شامل ہے اسی طرح امریکا، یورپی ممالک کے یکطرفہ پابندیوں کے نظام کو متحرک نہ کرنا بھی شرائط کا حصہ ہے ۔دریں اثنا سعودی عرب نے ایران کے ساتھ مذاکرات کا نیا دور شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے میونخ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ایران سے براہ راست مذاکرات کے پانچویں دور کی تاریخوں کو طے کرنا چاہ رہا ہے گو کہ اس سے قبل ہونے والے مذاکراتی ادوار میں کچھ خاص پیش رفت نہیں ہو سکی۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر سال 2015 کا معاہدہ بحال کیا جاتا ہے تو یہ علاقائی مسائل کے حل کا آغاز ہونا چاہیے نہ کہ اختتام۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب ایران سے مذاکرات میں دلچسپی رکھتا ہے ۔