لندن(92نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک) ڈاکٹروں نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کوہسپتال میں داخل ہونے کی ہدایت کردی،نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان کے مطابق نوازشریف کا پی ای ٹی سکین جمعرات کوہوگا، نواز شریف کا پروفیسرسمن ریڈووڈنے معائنہ کیا جو ریڈووڈلندن برج ہسپتال میں امراض قلب کے ماہرہیں،پروفیسرسمن ریڈووڈنے نوازشریف کی انجیوپلاسٹی کامشورہ دیاہے ،اس سے پہلے ان کا لندن برج ہسپتال میں میڈیکل چیک اپ کیاگیا۔شریف فیملی کے ذرائع کے مطابق نوازشریف کے دل کے ٹیسٹ کئے جائینگے ،نوازشریف کیساتھ ان کے صاحبزادے حسین نواز اور بھائی شہبازشریف ہسپتال میں موجودتھے ۔میڈیاسے گفتگو میں شہبازشریف نے کہاڈاکٹرزہیماٹولوجسٹ کی رپورٹ کاانتظارکررہے ہیں،شیخ رشید کی کسی بات کا کبھی جواب نہیں دیا،اللہ تعالی انہیں ہدایت دے ۔دوسری جانب سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی طبیعت بھی بگڑ گئی،انہیں گردن میں تکلیف کے باعث لندن کے نفیلڈ ہیلتھ ٹرن برج ویلز ہسپتال میں داخل کرادیا گیا ،ڈاکٹرز نے میڈیکل چیک اپ کے بعد فوری آپریشن کا مشورہ دیدیا۔