لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )وزیر اعظم عمران خان واضح کر چکے ہیں تحریک عدم اعتماد کو آ ئینی اور قانونی راستہ کے اندر رہتے ہوئے ناکام بنائیں گے ۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی واضح اکثریت موجود ہے ، عمران خا ن کی شکست کا میدان سج چکا ہے ،پنجاب اسمبلی میں بھی تبدیلی لیکر آ ئیں گے ۔ ان خیالا ت کا اظہار سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تحریک انصاف کے سینیٹر علی ظفر نے کہا پنجاب میں فگرز ہماری فیور میں ہیں اور پرویز الٰہی چیف منسٹر بن جائیں گے ، تحریک عدم اعتماد میں دیکھنا یہ ہے اپوزیشن قومی اسمبلی میں اپنی مقررہ تعداد لا پاتی ہے یا نہیں ۔ ن لیگ کے سینیٹر افنان اﷲ خان نے کہا قومی اسمبلی کی صورتحال واضح ہے اپوزیشن کو وہاں سادہ اکثریت کی ضرورت ہے اور ہم یہ پچھلے اجلاس میں ثابت کر چکے ، متحدہ اپوزیشن کے 173 اراکین حاضر تھے اور اتوار والے دن یہ تعداد 177 ہو گی اور یہ تعداد حکومتی منحرف اراکین کے بغیر ہے ، پنجاب میں بھی تبدیلی لیکر آ ئیں گے ۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا اس وقت جو صورتحال ہے عمران خان کیلئے قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی اب آ سان میدا ن نہیں ، عمران خان نے اپنی مخالفت کا الائو خود تیار کیا ہے ، حکومت میں رہتے ہوئے عمران خان نے گورننس کی طرف توجہ نہیں دی، ان کی توجہ صرف سیاسی انتقام کی طرف رہی ۔