اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے چینی بحران پر ایف آئی اے کی رپورٹ کو سیاسی قرار دیتے ہوئے اسے اپنی ذات پر حملہ قرار دیدیا اور کہا ہے کہ اسکے پیچھے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری ہیں۔ مجھے ٹارگٹ بنانے کیلئے نامکمل رپورٹ کو جاری کرایا گیا،اعظم خان مسلسل وزیراعظم کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔گزشتہ روزصحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزیدکہا کہ میری عمران خان سے دوستی ہے اور رہیگی۔ اعظم خان وزیراعظم کے گرد حصار قائم کرکے اپنی مرضی کے فیصلے کر رہے ہیں، ملنے والوں کا شیڈول تک خود بنا رہے ہیں۔ رپورٹ آنے کے بعد بھی میرا وزیراعظم سے مسلسل رابطہ ہے ۔ وزیر ریلوے شیخ رشید غلط بیانی کر رہے ہیں، ان کو کبھی دھمکی نہیں دی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے معاملے پر6 مہینے پہلے اعظم خان سے اختلاف شروع ہوا۔ وزیر اعظم کو بتایا کہ ہمیں بیوروکریسی کے چکر سے نکلنا پڑیگا۔