لاہور(خبرنگارخصوصی)صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال کی زیر صدارت پنجاب سیڈ کونسل کے 51ویں اجلاس میں زرعی اجناس اور چارہ جات کے بیجوں کی 37نئی اقسام کی منظوری دیدی گئی۔صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال کی زیر صدارت چھ گھنٹے طویل اجلاس ہوا ۔اجلاس میں ڈاکٹرغضنفر علی ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن ،ڈاکٹر انجم علی ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع)،ڈاکٹر عابد محمود ڈائریکٹر جنرل زراعت (ریسرچ)،محمد رفیق اختر ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب ،شاہد قادر ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز پنجاب سیڈ کارپوریشن سمیت زرعی سائنسدانوں اور پرائیویٹ بریڈرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔اجلاس میں زرعی سائنسدانوں نے بیجوں کی نئی اقسام پر مفصل بریفنگ دی جس کے بعد باضابطہ منظوری دی گئی۔بیجوں کی جن نئی اقسام کی منظوری دی گئی ہے ان میں دال کی 2، برسیم 1،گندم2، چنے کی 2، مکئی کی5، مکی ہائبریڈ کی 1،ٹماٹر کی 1، مونگ پھلی کی 1، چاول 1،ہلدی 1،کھجور کی 9،بیر کی6،انار کی 2،چری کی 1 اور جو کی 2نئی اقسام شامل ہیں۔ اجلاس میں مجموعی طو رپر بیجوں کی 43اقسام پیش کی گئیں.۔ جس میں سے ہائبریڈ کی 4اقسام کو وفاقی حکومت کی ڈائریکشن کی وجہ سے زیر بحث نہ لایا گیا جبکہ 2 اقسام کو آئندہ میٹنگ کیلئے التواء میں رکھ لیا گیا اور 37کی منظور ی دیدی گئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں سبز انقلاب لانا چاہتی ہے اور اس سلسلہ میں عملی طور پر پیشرفت کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت اور زیادہ پیداوار کے حامل بیجوں کی تیاری کے لئے پبلک اور پرائیویٹ کے زرعی سائنسدانوں کی بھرپو رسرپرستی اور حوصلہ افزائی کرے گی۔بیجوں کی نئی اقسام متعارف ہونے سے اجناس کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا جس سے یقینی طو رپر کسان بھی خوشحال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہمارے زرعی سائنسدانوں نے بڑی محنت سے بیجوں کی نئی اقسام تیار کی ہیں اور ہم اسی طرح مل جل کر صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرتے رہیں گے جس سے عوام کو بھی سستی اور معیاری خوراک میسر آئے گی۔