کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں دو دن کی مندی کے بعد بدھ کوتیزی کا رجحان رہا،کے ایس ای 100انڈیکس 44800 پوائنٹس سے بڑھ کر44900پوائنٹس پر بند ہوا ۔ کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 14 ارب84کروڑ72لاکھ52ہزار486روپے کا اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 76 کھرب 96 ارب 34 کروڑ 71 لاکھ 73ہزار245روپے سے بڑھ کر 77 کھرب 11 ارب19کروڑ44لاکھ25ہزار731روپے ہو گیا۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو 5ارب روپے مالیت کے 13کروڑ73لاکھ9ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ منگل کو8ارب روپے مالیت کے 20کروڑ70لاکھ40ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو مجموعی طور پر333کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 130کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،179میں کمی اور24کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دریں اثنائانٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدرایک بار پھر177روپے سے بڑھ گئی جبکہ ڈالر انٹربینک میں 30پیسے مہنگا اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں10پیسے سستا ہو گیا۔ ڈالر کی قیمت خرید177روپے اور قیمت فروخت177.10روپے ہو گئی ۔ پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 500روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونا1لاکھ27ہزار150روپے اور دس گرام سونے کی قیمت429روپے کے اضافے سے 1لاکھ9ہزار11روپے ہو گئی۔