لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) سردار ستونت سنگھ کو متفقہ طور پر پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کا نیا پر دھا ن جبکہ سردار امیرسنگھ کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا۔نئی پی ایس جی پی سی کی چیئر مین شپ سندھ سے خیبر پختونخوا منتقل ہوگئی جبکہ جنرل سیکرٹری کی ذمہ داریاں پنجاب کو مل گئیں۔تفصیل کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے چند روز قبل از سر نو تشکیل دی گئی 13 رکنی پاکستا ن سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کا پہلا با اضابطہ اجلاس چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین ڈاکٹر عامر احمد کی زیر صدارت لاہور میں ہواجس میں پنجاب سے ممبرز رویندر سنگھ، اندرجیت سنگھ، ڈاکٹر ممپال سنگھ، اور امیر سنگھ، خیبر پختونخوا سے ممبرز بابا ہرمیت سنگھ، ثربت سنگھ، اور ستونت سنگھ ، سندھ سے ممبرزڈاکٹر ساگر جیت سنگھ اور سردار وکاس سنگھ خالصہ جبکہ بلوچستان سے واحد رکن سردار ساگر سنگھ شریک ہوئے ، حکومتی نمائندگی چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد، سینئرجوائنٹ سیکرٹری /جوائنٹ سیکرٹری وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر خان نے کی۔ دوران اجلاس انتظامی ، ما لیا تی ،لنگر اور دیگر امور کی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں جبکہ نو منتخب عہدیداروں کو انکی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا گیا۔شرکاء اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب پردھان سردار ستونت سنگھ اور سیکرٹری سردار امیر سنگھ نے کہا کہ پاکستان ہماری شناخت ہے ، سب سے پہلے پاکستان اور اسکے بعد کچھ اور ہے ۔ پاکستان میں بسنے والے غیر مسلموں کو وہی حقوق حاصل ہیں جو ایک مسلم شہری کو حاصل ہیں۔ پاکستان بلا شبہ دنیا کا سب سے زیادہ اقلیت دوست اور اقلیت نواز ملک ہے ۔ وفاقی حکومت کی ہدایت پر متروکہ وقف املاک بورڈ حکام جو فلاحی اقدامات کرتے رہتے ہیں اس پر پوری سکھ قوم کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ موجودہ حکومت کی پالیسیاں سکھ قوم کیلئے خوش آئند ہیں۔ اجلاس میں سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ممبرز نے پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ بادکے نعرے بھی لگائے ۔