لاہور،سرگودھا،مانانوالہ،وزیرآباد،اوکاڑہ (نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر،نامہ نگاران ،نمائندہ 92،نامہ نگار ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)سرگودھا میں ٹرین کھلے پھاٹک میں پھنسے ڈمپر سے ٹکراگئی ، اسسٹنٹ ڈرائیور جاں بحق ،ڈرائیور سمیت 15مسافر زخمی ہوگئے ،دیگر حادثات میں4افرادچل بسے ،3زخمی ہوگئے ۔سرگودھا سے لاہور جانیوالی مسافر ٹرین نشترآباد کے قریب پھاٹک مین کی غفلت کے باعث بجری سے لوڈ ڈمپر سے خوفناک انداز میں ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں ٹرین کاانجن الٹنے سے اسسٹنٹ ڈرائیور وسیم ارشادجاں بحق اورڈرائیور سمیت15 مسافر زخمی ہوگئے جبکہ 6شدید زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔جاں بحق ڈرائیور وسیم ارشاد لاہور کارہائشی بتایا گیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ پھاٹک مین طیب اور ڈمپر ڈرائیور محبوب کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا جوموقع سے فرار ہوگئے ۔حادثہ کے باعث سرگودھاجھنگ اور فیصل آباد ٹریک دن بھربند رہنے سے 5ٹرینوں کی آمدورفت معطل رہی جس کے باعث مسافروں کوشدید مشکلات کاسامنا کرناپڑا۔پاکستان ریلوے کی ترجمان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے حادثے کی انکوائری کا حکم دیا ہے ۔ ادھر سرگودھا ٹرین حادثے میں جاں بحق ہو نے والے اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور وسیم ارشاد کی نماز جنازہ انجن شیڈ لاہور میں ادا کر دی گئی، جس میں ریلوے افسروں سمیت ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بتایا گیا ہے کہ وسیم ارشاد تین بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا ۔ دریں اثنا مانانوالہ شیخوپورہ فیصل آباد روڈ پر تیز رفتار بس موٹرسائیکل پر چڑھ گئی جس سے خاتون25سالہ رفعت بی بی موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا خاوندبابر حسین اور بیٹی شدید زخمی ہو گئے ۔وزیرآباد میں پلے گروپ کی 4سالہ طالبہ شمائزہ رخسار باجوہ چھٹی کے بعد موٹر سائیکل کی فرنٹ نشست پر بیٹھی ہوئی تھی ۔سپیڈ بریکر پر جھٹکا لگنے سے سر کے بل سڑک پر گر گئی اور ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئی ۔میت کیلئے ہسپتال سے ایمبولینس نہ ملی تو موٹر سائیکل پر گھر لے جایا گیا۔حافظ آباد کے نواحی گاؤں ٹھٹھہ خیرومٹمل کے قریب تیز رفتار ٹرالہ کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار علی رضا جاں بحق دوست ارشد شدید ذخمی ہوگیا۔ نوجوان رفیق فریدکوٹ ا وکاڑہ کے قریب سڑک عبور کر رہا تھا کہ قصور سے آنے والے تیز رفتار بس کی زد میں آگیا جس سے نوجوان شدید مضروب ہوگیا جو زخموں کی تاب نہ لا کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ۔ تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ ٹرین ٹکرا گئی