کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد بلدیاتی قانون میں ترامیم کے لیے 5رکنی وزارتی کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے ۔سندھ کابینہ کا اجلاس بدھ کو وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کی زیر صدارت ہوا۔صوبائی کابینہ نے 2200 روپے فی من امدادی قیمت کے حساب سے 14لاکھ ٹن گندم خریداری کے ہدف کی منظوری دی، جس کے لیے 70 ارب روپے منظورکیے گئے ۔کابینہ نے کراچی کے ساحل کے قریب واقع سمندری جزائر بنڈل اور بڈو کو محفوظ جنگلات قرار دیتے ہوئے محکمہ جنگلات سے نوٹیفکیشن بھی جاری کرادیا ۔کابینہ نے کراچی صدر میں آتشزدگی سے کوآپریٹو مارکیٹ اور وکٹوریا سینٹر کی دکانوں کے مالکان کو معاوضہ ادائیگی کے لئے 91 کروڑ 52 لاکھ 30 ہزار روپے فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی۔کابینہ نے فیصلہ کیا کہ سٹیل ملز اضافی اراضی فروخت نہیں کر سکتی، سب رجسٹرار کو اس اراضی کو ٹرانسفر نہ کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ سٹیل مل کی اضافی اراضی واپس لی جائے گی۔ سندھ کابینہ نے مٹیاری لاہور ہائی وولٹیج ڈائریکٹ کرنٹ (HVDC) ٹرانسمیشن لائن پراجیکٹ کو رائٹ آف وے دینے کی منظوری دی۔کابینہ نے ایف سی کو ایمبولینس فراہم کرنے کے لیے محکمہ داخلہ کی درخواست کی منظورکرلی۔