لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سپریم کورٹ کے فیصلہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے نظریہ ضرورت کو دفن کر دیا۔ جس مقام سے نظریہ ضرورت نے جنم لیا تھا، وہیں اس کی قبر بنی، فیصلہ خوش آئند ہے ۔ پوری قوم خیرمقدم کرتی ہے ۔قبل ازیں منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان ملکی سالمیت کی ضمانت، اس پر حملے کو سپورٹ کریں گے نہ برداشت۔ تحریک عدم اعتماد کے بعد پی ٹی آئی نے وفاق اور پنجاب میں غیر قانونی اقدامات اٹھائے ۔ دھمکی آمیز خط پر اسٹیبلشمنٹ اور سکیورٹی اداروں کی خاموشی معنی خیز ہے ۔ جماعت اسلامی مطالبہ کرتی ہے کہ آئین کو اس کی روح کے مطابق بحال کیا جائے ۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم سے بے شمار سیاسی اختلافات ہیں، ہم حکومت کے طرفدار ہیں نہ اپوزیشن کے ۔ قوم سے کہتا ہوں کہ جاگیرداروں اور وڈیروں کی سیاست کا یہی نتیجہ نکلتا ہے ، جس طرح کا تماشا آج جاری ہے ۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے مرکزی ذمہ داران کا اجلاس گزشتہ روز ہوا جس میں سیاسی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ ملک میں امریکہ کی مداخلت کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں البتہ پی ٹی آئی کی حکومت کی پالیسیاں امریکہ کے لیے کوئی خطرہ نہ تھیں۔