لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیرا طلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ابھی وقت باقی ہے ،ہر سیاسی جماعت کو الیکشن کیلئے تیار ہونا چاہئے ۔ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں۔92 نیوز کے پروگرام نائٹ ایڈیشن میں اینکر پرسن شازیہ ذیشان سے گفتگوکرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز اور شہباز شریف کی ضمانت منسوخ کرائیں گے ۔جو لوگ بیرونی سازش میں ملوث ہیں ان کو سزا ضرور ملنی چاہئے ۔ہم دیکھتے ہیں کہ اس پر کیا کارروائی ہوسکتی ہے ۔ن لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف لیرو لیر ہوچکی ہے ،یہاں دو نہیں بلکہ سات سے آٹھ گروپ ہیں۔مختلف گروپس ہم سے ملے ہوئے ہیں۔ووٹنگ کے دن یہ لوگ کس طرف جاتے ہیں ، قبل ازوقت تو کچھ نہیں کہا جا سکتا۔علیم خان گروپ اور ترین گروپ ن لیگ کو سپورٹ کرے گا۔سینئر تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جو اتوار کو سرپرائز کی بات کررہے ہیں، ہمیں انتظار کرنا ہوگا۔وزیر اعظم نے جب کہا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے تو اس بات کو سنجیدگی سے لینا چاہئے اور ان کی سکیورٹی بڑھانی چاہئے ۔سابق سفیر شاہد امین نے کہا ہے کہ خط کے سارے حقائق سامنے آگئے ہیں۔ظاہر ہوتا ہے کہ ایسا کوئی خط نہیں ہے ،اگر خط ہوتا تو اس کی سنگین صورتحال بن جاتی۔پیپلز پارٹی رہنما سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے اپنی کرسی بچانے کیلئے ایک ایسا سیاسی ڈرامہ کیا ہے جس سے ریاست کیلئے بہت سی پیچیدگیاں پیدا کردی ہیں۔