لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شعبہ صحت کے 3 نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سروسز ہسپتال کے نئے ایمرجنسی ٹاور و ٹراما سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سروسز ہسپتال کے نئے ایمرجنسی ٹاوروٹراماسنٹر کی تعمیر پر تقریباً 5ارب روپے لاگت آئے گی۔لاہور میں 3 نئے ایمرجنسی بلاکس اورٹراما سنٹرز بننے سے 800بستروں کا اضافہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حضرت حمید الدین حاکم سرجیکل کمپلیکس شیخ زید میڈیکل کالج /ہسپتال رحیم یار خان کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا۔ یہ منصوبہ 7.6ایکڑ اراضی پر تعمیرہوگا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ظاہر پیر،رحیم یار خان میں ہب اینڈسپوک ماڈل کے تحت پائلٹ پراجیکٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ منصوبے کے تحت ظاہر پیر،رحیم یار خان میں میڈیکل سنٹربنے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شعبہ ہیلتھ کی بہتری کیلئے ہماری حکومت نے تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا ۔بعدازاں انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ خاتون اول اور فرح خان کے بارے میں بے بنیاد الزامات کو قطعی طور پر مسترد کردیا،انہوں نے کہا کہ علیم خان ،چودھری سرور اور دیگراپوزیشن ارکان کے من گھڑت الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں اور بلا ثبوت الزام تراشی کی مذمت کرتا ہوں۔منی لانڈرنگ اور کرپشن کے بے تاج بادشاہوں کا ہمیشہ وتیرہ رہا ہے کہ جب سیاسی میدان میں مات کھائیں تو بلیک میلنگ کیلئے اپنے حریفوں اور اداروں پر بے سروپا الزامات لگانے لگ جاتے ہیں۔ن لیگ اور اس کے حواری ساڑھے تین سال میں مجھ پر یا میری کابینہ پر کرپشن کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہیں لا سکے ۔کوئی ٹھیکہ نہ کوئی کیلبری خط، کوئی جعلی ٹرسٹ ڈیڈ نہ کوئی مقصود چپڑاسی نہ میرے کوئی مے فیئر کے فلیٹ سامنے آئے ۔ساڑھے تین سال میں پنجاب میں ایمانداری سے ڈیلیور کیا۔