لاہور، ملتان، اوکاڑہ، ساہیوال (وقائع نگار، کامرس رپورٹر، سپیشل رپورٹر، نمائندگان، 92 نیوز رپورٹ) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے براستہ سڑک ملتان جاتے ہوئے 8گھنٹوں میں 6 شہروں کے طوفانی دورے کئے ۔و زیر اعلیٰ نے ستگھرہ، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، میاں چنوں اور خانیوال کے دورے کئے ۔ شہروں کی صورتحال کا جائزہ لے کر انتظامیہ کو صفائی، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور کے بارے میں مو قع پر ہدایات جاری کیں ۔اوکاڑہ کے نواح میں ستگھرہ میں میر چاکر اعظم رند کے مقبرے کا دورہ کیا۔مقبرے کی بحالی کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے میر چاکر اعظم رند کے مقبرے پر چادر چڑھائی،فاتحہ خوانی کی اور ملک کے استحکام، سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ قوم میر چاکر اعظم رند سے خصوصی لگاؤ اور عقیدت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم دلوں کو جوڑ رہے ہیں اور اس اقدام سے بین الصوبائی ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کیپٹن (ر) علی اعجاز نے بریفنگ دی۔ فنکاروں نے روایتی بلوچی رقص پیش کیا۔بعد ازاں وزیر اعلی عثمان بزدار نے اوکاڑہ میں صفائی کے انتظامات اوردیگرسہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے صفائی کے اچھے انتظامات پر ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ علی اعجاز کی کاکردگی کی تعریف کی۔ سول ریسٹ ہاؤس اوکاڑہ پہنچے اورلان میں سلور اوک پام کا پودا لگا کر مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کیااور پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی۔ اوکاڑہ کے بعدوزیراعلیٰ ساہیوال پہنچے اورسرکٹ ہاؤس میں اعلی سطح کا اجلاس کی صدارت کی اور ساہیوال ڈویژن میں امن و امان کی صو رتحال اور ترقیاتی منصوبو ں کا جائزہ لیا ۔بعد ازاں وزیراعلیٰ نے اچانک چیچہ وطنی شہر کا رخ کر لیا اور مختلف علاقوں کا جائزہ لیااورشہر میں صفائی کی ناقص صورتحال پر برہم ہو گئے ۔ انہو ں نے چیچہ وطنی شہر میں سڑکوں کی خراب صورتحال پر بھی اظہار برہمی کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی آمد پر پانی کا چھڑکاؤآئی واش(بصری دھوکا) ہے ۔ ڈرامے ماضی میں چلتے تھے ، ایسے ڈرامے برادشت کرتا ہوں نہ کروں گا۔بعد میں میاں چنوں شہر بھی گئے اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ اور شہری سہولتوں کا بھی مشاہدہ کیا ۔خانیوال میں پیپلز کالونی اوردیگر علاقوں کا دورہ کیا اور خانیوال شہر میں صفائی کی صورتحال پر اظہار اطمینان کیا۔سرکٹ ہاؤس خانیوال پہنچے اور لان میں پودا لگا کر مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کیااورپی ٹی آئی کے عہدیداروں اور کارکنان سے ملاقات کی۔قبل ازیں انہوں نے وزیراعلیٰ آفس میں ائیر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائیر کمانڈ،ایئر وائس مارشل ظفر اسلم نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فضائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور خدمات کو سراہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پاک فضائیہ کے جانبازوں کی شجاعت اور بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پا کستان ائیر فورس کے شاہین قوم کے ہیروہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے دوران سرو س انتقال کرنے والے سرکاری ملازمین کے لواحقین کو ملازمتیں دینے میں تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی اور زیر التواء کیسوں کو جلد نمٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قواعدوضوابط کے تحت زیر التواء کیسوں کو ایک ماہ کے اندر نمٹانے کا حکم دیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے لیہ کے علاقے جمن شاہ میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیااور حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ۔دوسری طرف وزیراعلیٰ نے راولپنڈی میں شدید بارش اور نالہ لئی میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم جاری کر دیا ۔ نکاسی آب کی سرگرمیوں میں غفلت قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ افسران دفاتر میں بیٹھنے کے بجائے خود فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی نگرانی کریں۔ وزیراعلیٰ نے نشیبی علاقوں سے پانی کا اخراج مکمل کرنے کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔دریں اثنا انہوں نے ستگھرہ میں قتل کئے جانے والے شخص کے لواحقین کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے مقتول کے لواحقین کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور قتل کے واقعہ پر فوری رپورٹ طلب کر لی ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نیوملتان میں وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک کی رہائش گاہ پہنچے اورصوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک کے بڑے بھائی حاجی ملک عطا محمد کے انتقال پر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔