لاہور (کامرس رپورٹر،صباح نیوز،92نیوز رپورٹ)وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر شوکت ترین نے کہاہے کہ ملکی معیشت کومضبوط کرنے کے لئے ایسا روڈ میپ بنا رہے ہیں جسے آنے والی کوئی حکومت بھی ختم نہیں کرسکتی ، پٹرولیم مصنوعات پر104ارب روپے ماہانہ کی سبسڈی دے رہے ہیں ۔ملکی معیشت میں بہتری لانے کیلئے معاشی پالیسیوں کا تسلسل از حد ضروری ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ‘ لاہور میں منعقدہ خصوصی نشست بعنوان ’’ 2022ئ۔ پاکستانی معیشت کے احیاء کا سال‘‘ سے بطور مہمان خاص اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر صحافی مجیب الرحمن شامی ، جسٹس (ر) محبوب احمد فاروق الطاف مہناز رفیع شاہد رشید معروف صنعتکار افتخار علی ملک سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کے حوالے سے پٹرول کی قیمت 240روپے لٹرہونی چاہیے لیکن ہم 150روپے لٹر میں عوام کو پٹرول دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس ناہندگان کاخوف دور کرنے کے لئے ٹیکس نظام میں آسانیاں لا رہے ہیں ۔ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو 50ارب روپے کے چھوٹے قرضے دیئے ۔لاہور میں ایک اورتقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو 5 لاکھ روپے بغیر سود کے دینگے ۔ نشست کے آغاز پر قاری خالد محمود نے تلاوت جبکہ حافظ مرغوب احمد ہمدانی نے بارگاہ رسالتؐ میں ہدیۂ عقیدت پیش کیا۔ نظامت کے فرائض سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے انجام دیئے ۔اس خصوصی نشست میں چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد‘ صدر سارک چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز افتخار علی ملک‘ ممتاز صنعتکار سکندر مصطفی خان‘سابق گورنر بلوچستان سردار گل محمد جوگیزئی‘ نامور بینکر عظمت ترین‘ بیگم مہناز رفیع‘ پروفیسر عابد شیروانی‘ مہر کاشف یونس‘رحمان عزیز چن‘ حارث عتیق‘ ڈاکٹر پروین خان‘ میاں سلمان فاروق و دیگر شخصیات نے شرکت کی ۔