کراچی (این این آئی) عالمی یوم ڈاک کے موقع پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بیمارماں عصمت صدیقی اپنی زیر حراست بیٹی کے ایک خط کی منتظر ہے ۔ ڈاکٹر عافیہ کے نام ایک کھلے خط میں جس کا عنوان ہے کہ "عالمی یوم ڈاک پر میرا عافیہ سے رابطہ کرا دو" میں انہوں نے لکھا ہے : میری پیاری بیٹی عافیہ تم کو دیکھے ہوئے 17 سال گزر چکے ہیں ، تمہاری آخری ٹیلی فون کال کوبھی ساڑھے تین سال گزر چکے ہیں۔ اب تو ماشاء اﷲ تمہارا بیٹا احمد اور بیٹی مریم ابتدائی تعلیم مکمل کرکے اعلی تعلیم حاصل کرنے کیلئے کالج جارہے ہیں۔ ہم نے تم کو بے شمارٹیلی فون، ای میل اور خط ارسال کئے مگر جواب سے محروم رہے ۔ عافیہ یقین کرو میں تم کو گلے لگانا اور تمہارا ماتھا چومنا چاہتی ہوں مگر مجبور ہوں۔اﷲ تمہاری حفاظت فرمائے اورتم سے جلد ملا دے ، یہ ایک ماں کی دعا اور تمنا ہے ۔