مکرمی! خوش اخلاقی بہت بڑی نعمت ہے۔ خوش اخلاقی کے لفظ سے تو دنیا میں ہر کوئی واقف ہے اور آپ کبھی غور کیجئے گا کہ جو شخص اچھے اخلاق کا مالک ہے سب ہی اس سے محبت بھی کرتے ہیں اس انسان کی عزت و تکریم کرتے ہیں۔ خوش اخلاقی ایسی چیز کا نام ہے کہ بات کریں تو ہمارے لہجے میں نرمی ہو، چہرے پر مسکراہٹ ہو۔ تاہم ہمیں اس کہاوت کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ انسان کی پہچان اس کے اخلاق سے ہوتی ہے۔ جیسے ایک شخص کا ہمارے لئے کوئی کام کرنا اس کا فرض ہو لیکن اس کے باوجود ہم اس کی خدمت کا شکریہ ادا کریں۔ جیسے کسی انسان کو راستہ دینا جبکہ اس کا حق ہو نہ اس کی باری، کسی کے لئے دروازے کو پکڑ کر رکھنا،ذہنی طور پر پریشان ہونے کے باوجود کسی سے گرم جوشی سے ملنا۔ اچھے انسان کی سب سے پہلی اور سب سے آخری نشانی یہ ہے کہ وہ ان لوگوں کی بھی عزت کرتا ہے جن سے اسے کسی قسم کے فائدے یا مفاد کی توقع نہیں ہوتی۔اللہ نے انسان کی عزت کے سلسلہ میں حکم فرما دیا کہ عورتوں کا عورتوں پر ہنسنا اور مردوں کا مردوں پر ہنسنا (تمسخر اڑانا) منع ہے،یعنی تمسخر اڑانے کو اس قدر ناپسند فرمایا کہ ایسے لوگوں کا شمار روز محشر ظالموں کے ساتھ کر دیا جو مظلوموں پر کوڑے برساتے تھے۔ (امتیاز احمد لاہور)