لاہور(خصوصی نمائندہ)تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے لاہور سے پارٹی چیئرمین عمران خان کے حلقہ انتخاب این اے 131اور اسکے نیچے اپنے حلقہ انتخاب پی پی 162 میں انتخابی مہم کے سلسلے میں والٹن روڈ پر ایک ریلی کی قیادت کی اور عوام سے 25جولائی کو ملک میں تبدیلی کے لئے تحریک انصاف اور عمران خان کو ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ۔خواتین نے رہنماوں نے منزہ حسن ،سنیا ساجد،ڈاکٹر سیمی بخاری،کرن علیم اور دیگر نے ڈیفنس سے والٹن تک ریلی نکالی جس میں پی پی161اور پی پی162کی عورتوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواتین رہنماوں کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے مخالفین ذہنی طور پر اپنی شکست تسلیم کر چکے ہیں ۔اْن کے پاس اب شور شرابے کے علاوہ کچھ نہیں،نواز لیگ کی آدھی قیادت جیل جا چکی ہے اورباقی جانے کی تیاریوں میں ہے ۔عوام این اے 131سے عمران خان کو تاریخی فتح سے ہمکنار کرائیں گے ۔انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ 25جولائی کو سب سے پہلا کام ووٹ ڈالنے کا کریں اور اپنے خاندان کے ہر ووٹر کی پولنگ میں شرکت یقینی بنائیں۔