لاہور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے کہاہے کہ عمران خان نے ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر معیشت کا بیڑا غرق کیا،اداروں نے جتنی مدد عمران کی ، ہماری 10 فیصد بھی کرتے تو پاکستان آسمانوں پر لے جاتے ۔مسلم لیگ ن پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس صدر میاں شہباز شریف کی صدارت میں ہوا۔اس موقع پر جمعیت علماء اسلام(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ ،ملکی سیاسی صورتحال ،مسلم لیگ (ن) کے قائد ،سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صحت کے بارے میں موجود خدشات ،کیپٹن صفدر کی گرفتاری سمیت دیگر ایشوز زیر بحث آئے ۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے بائیس کروڑ عوام کی زندگی اجیرن کر دی ،عمران خان نے ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر معیشت کا بیڑا غرق کیا۔نیازی کہتا تھا کہ اگر ڈالرایک روپے بڑھے تو سو ارب روپے قرضہ بڑھ جاتاہے ڈالر پر پچاس روپے بڑھائے تو ہزاروں کھرب عوام پر قرض لاد دیا،سرمایہ کار خوفزدہ ہیں پیسے اپنے سرہانے کے نیچے رکھتے ہیں ۔جس نے ایٹمی پاکستان بنایا وہ شخص گرفتار ہے ،یہ پاکستان کو معاشی ترقی و خوشحالی لانے والے کے دشمن بن گئے ہیں بینکوں کا سود اٹھارہ فیصد تک پہنچ گیا ہے ،ہر گھر میں ایف بی آر پہنچ گیا ہے ۔ عمران خان کے دل میں درد ہوتا تو ہسپتالوں میں مفت دوائیاں بند نہ کرتا۔ پی کے ایل آئی اور سی ٹی سکین کو بند نہ کرتا ۔ شفاف الیکشن جب بھی ہوں گے بگڑتی ہوئی معیشت کو چھ ماہ میں ٹھیک کر دیں گے ۔27 اکتوبر کو کشمیر کی آواز اٹھانی ہے ،31 اکتوبر کو اسلام آباد کے احتجاج پوری قوت سے مائیں بہنیں ایک ہاتھ پاکستان اور دوسرے ہاتھ میں کشمیر کا جھنڈا لے کر آنا ہے ۔ نوازشریف کو اﷲ نے بچایا وہ اب روبہ صحت ہیں سب دعا کریں آپ کے لیڈر،میر ے بڑے بھائی اور والد کی جگہ ہیں ۔ٹکٹ ہولڈرز کو خوش آمدید کہتاہوں شاہد خاقان عباسی رانا ثنااﷲ خواجہ برادران کیلئے دعا ہے انہیں اﷲ تعالیٰ صحت و رہائی عطا فرمائے ۔سیف سٹی سے ریکارڈ مل گیا ہے رانا ثنااﷲ خان کو بے گناہ پکڑا گیا ۔ اپنے خطاب کے آخر میں شہبازشریف نے پاکستان اور قائد اعظم نوازشریف زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے کشمیر کی آزادی اور نوازشریف کی صحت کیلئے دعا بھی کروائی گئی۔۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوازشریف کو کچھ ہوا تو محاسبہ عمران خان نیازی کا کریں گے ۔حکومت میں انسان نہیں بھیڑئیے ہیں ۔قوم ،مائوں ،بہنوں ،بزرگوں اورنوجوانوں کی دعائوں سے نوازشریف دوبارہ روبصحت ہوئے اوریہ معجزہ ہوا ہے ۔خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جو لوگ نوازشریف کی بیماری کا تمسخر اڑا رہے ہیں ہم انہیں بھولے ہیں اورنہ ان کے الفاظ اورچہرے بھولیں گے ۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ آزادی مارچ پاکستان کا تاریخ ساز مارچ ہوگا،عمران خان خود کو ہٹا رہا ہے انکے پلے کچھ نہیں،اس ریلی سے پاکستان کو تقویت ملے گی۔اجلاس میں مختلف قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔مسلم لیگ (ن )کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی صحت بہتر ہے ، علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی باتوں میں صداقت نہیں۔مولانا فضل الرحمان کا احتجاج حکومت کی نااہلی کے خلاف ہے ۔ حکمران پورا ملک سولہ ایم پی او کے تحت گرفتار کرلیں ۔ادھرچودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی کا شہبازشریف سے ٹیلیفونک رابطہ۔دونوں رہنمائوں نے شہبازشریف سے نوازشریف کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور نوازشریف کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔