لاہور(کرائم رپورٹر)غلطی سے بھارتی حدود میں جانے والے گونگے بہرے نوجوان کو پاکستان کے حوالے کردیا گیا۔ ایدھی فائو نڈیشن کی کاوشیں رنگ لانے پرگونگا بہرہ وسیم تنویر واپس بھمبر میں اپنے گھرپہنچ گیا۔ ترجمان ایدھی فائو نڈیشن کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقہ بھمبر کا رہائشی 19 سالہ وسیم تنویر 2013 میں غلطی سے بھارتی حدودمیں چلا گیا تھا جبکہ اہلخانہ اسے تلاش کرتے رہے مگرکوئی سراغ نہ ملا۔ انڈین پنجاب کے زیراہتمام این جی اوآئی سی پی ایس نے فیصل ایدھی سے رابطہ کیا کہ ایک گونگا بہرہ نوجوان ملا ہے جو کہ پاکستانی کرنسی اور سیاستدانوں کو پہچانتا ہے اور وہ پہاڑی علاقوں کی نشاندہی کرتا ہے ،لہٰذا درخواست کی کہ آپ پاکستان میں اسکے اہلخانہ کی تلاش کریں۔ ایدھی فائونڈیشن نے کشمیر میں اعلانات، اشتہارات اور میڈیا کے ذریعے ایک ماہ میں اسکے ورثا کوتلاش کرلیا۔فیصل ایدھی نے ویڈیولنک کے ذریعے بھارتی حکام سے بات کی تو وسیم تنویر کو پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا۔ایدھی فائونڈیشن کی خصوصی گاڑی کے ذریعے وسیم کے اہلخانہ کو بھمبر سے لاہور لایا گیا اورضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعدسب کو واپس بھمبربھیج دیاگیا۔