اسلام آباد(نیٹ نیوز) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ ایمانویل میکغوں کے حوالے سے اپنے بیان پر فرانس سے معافی مانگی ہے اور نہ ہی مانگوں گی۔ایک اردو ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا مغرب آزادی اظہار رائے کے نام پر منافقت اور تکبر سے کام لے رہا ہے ، فرانسیسی صدر کے بارے میں ٹویٹ پر ان کو توہین محسوس ہوتی ہے اور پیغمبر اسلام ﷺ پر ہتک آمیز حملے کو اظہار رائے کی آزادی کہا جاتا ہے ۔اپنے ٹویٹ کے حوالے سے شیریں مزاری نے بتایا کہ میں نے جس ذریعے سے خبر پڑھی، جب اس کے ذرائع نے معافی مانگ لی اور کہا کہ خبر غلط تھی تو مجھے اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کرنا پڑی، میں نے خبر پڑھی اور اس پر اپنا تجزیہ دیا، جب وہ خبر واپس ہو گئی تو ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی، اس پر کہا جا رہا ہے کہ فرانس نے معافی قبول کر لی ۔وفاقی وزیر نے کہا میں واضح طور پر کہنا چاہتی ہوں کہ میں نے معافی مانگی اور نہ ہی ایسا کرنے کا کوئی ارادہ ہے ۔