لاہور(نامہ نگار) سی سی پی او ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس لاہور پولیس کا چہرہ ہے ،وارڈنز پولیس کے سفیر ہیں، خوش اخلاقی اور صبر کا دامن نہ چھوڑیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم اے او کالج ہال میں سٹی ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔اجلاس میں سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) سید حماد عابد سمیت ڈویژنل افسران، تمام سرکل افسران لیڈی وارڈنز، انسپکٹرزاورسینکڑوں وارڈنز نے شرکت کی۔اس موقع پر سی سی پی او لاہور کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس ایمانداری اور محنت سے کام جاری رکھے ۔ٹریفک چالان صرف شہریوں کی اصلاح کیلئے کیے جائیں، حادثات اور منظم ٹریفک کیلئے قانون شکنی پر کارروائی لازمی کی جائے ۔اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن (ر) سید حماد عابد نے آفیسرز اور وارڈنز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی عزت نفس کو کسی صورت مجروح نہیں ہونے دیا جائے گا۔جتنا رزق آپ کی قسمت میں ہے ، اﷲ ضرور دے گا۔کرپشن کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔