لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو ہیڈ کوارٹرز میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم استحصال کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جسکا مقصد مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت ختم کرنے کے غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر انسانی اقدام کی مزمت کرتے ہوئے ریاست جموں و کشمیر کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کر نا ہے ۔ تقریب میں ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اور ہیڈ کوارٹرز کے سینئر افسران، انسٹرکٹرز، اور بڑی تعداد میں ریسکیو کیڈٹس نے شرکت کی۔ شرکانے کشمیر ی اور پاکستانی پرچم تھام کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ اس موقع پر ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے اہلیان مقبوضہ کشمیر کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے ان کے ساتھ ہیں۔