لاہور،سیالکوٹ (سٹاف رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر) امیر جماعۃ الدعوۃپروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا کہ انتخابات قریب آنے پر ملک دشمن قوتوں نے پاکستان کیخلاف سازشیں تیز کر دیں۔ ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور روپے کی قیمت مسلسل کم کی جارہی ہے ۔سیاستدان پارٹیاں بدلنے میں مصروف ہیں۔ ملکی مفادات سے کھیلنے والے آج کس منہ سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ملی مسلم لیگ کے میدان سیاست میں آنے سے مایوسیاں ختم ہورہی ہیں۔ کرسی کے انتخابی نشان پرہمارے امیدواران مضبوط عزم لیکر کھڑے ہیں۔ پاکستانی قوم سیاسی پارٹیوں کے روایتی طرز عمل سے تنگ آچکی ہے ۔کرپٹ اور لٹیرے سیاستدانوں کا دور ختم ہورہا ہے ۔ یہ بات انہوں نے مرے کالج سیالکوٹ گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ حافظ محمد سعید نے کہا کے سیاستدان گھر گھر جا کر ووٹ خریدتے اور منتخب ہو کر اپنا ووٹ کروڑو ں میں بیچتے ہیں اور امریکہ یہی ووٹ ڈالروں میں خرید تا ہے جن لوگوں نے سیاست کو کاروبار بنا رکھا ہے ہمیں انکا راستہ روکنا ہے ۔ انڈیا، امریکہ اور اسرائیل کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ اس وقت پاکستان بہت ہی نازک دور سے گزر رہا ہے ، بیرون سازشوں کیساتھ اندرونی سازشوں کو بھی ناکام کرنا ہے ۔