لاہور،کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ غربت ، خوراک کی کمی اور ہیومن ڈویلپمنٹ انڈکس میں بلوچستان ملک کا کمزور ترین صوبہ ہے ،پی پی دور میں آغاز حقوق بلوچستان سے لے کر صوبہ کے 9 جنوبی اضلاع کی ترقی کے لیے موجودہ حکومت کی طرف سے اعلان کیے گئے منصوبے صرف کاغذوں پر ہی موجود رہے ، صوبے کے عوام بالخصوص نوجوان اورخواتین بے شمار خوبیوں کے مالک ہیں مگرانہیں جان بوجھ کر وسائل سے محروم رکھا گیا ، ملکی وسائل کو عوامی مسائل کے حل کیلئے استعمال نہ کرنے کی وجہ سے ملک کا ہر شعبہ زوال سے دوچار ہے ، مغربی استعمار اور ان کے ایجنٹوں نے قوم کو تکلیفوں کے سواکچھ نہیں دیا ، وقت آگیاہے کہ قوم سرمایہ داروں ، وڈیروں،سیکولرازم کا پرچار کرنے والوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائے ، قوم جان لے دین آئے گا تو خوشحالی ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرو بلوچستان میں تقریب سے خطاب اور بعد ازاں منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق جو بدھ کو بلوچستان کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے منصورہ پہنچے ہیں نے کہاکہ بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ نہ کیا گیا تو دشمنان پاکستان اس سے مزید فائدہ اٹھائیں گے ،بلوچستان کا نوجوان مایوس اور بے روزگار ہے ،قبائلی سرداروں ، وڈیروں اور سول و ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے بلوچستان کے عوام کو سازش کے تحت محروم رکھا ، پسماندہ علاقوں کی ترقی ، اداروں کے استحکام اور آئین و قانون کی حکمرانی قائم کرنے کیلئے نیا عمرانی معاہدہ ہونا چاہیے ۔