اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،صباح نیوز)پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار حکومت اپوزیشن کے نمائندوں پر مشتمل قومی اسمبلی کی 15 رکنی قانون ساز کمیٹی قائم کر دی گئی ،جس کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے ۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کمیٹی کے چیئرمین جبکہ قانون کے مسودے کی تیاری کے ونگ کے کنوینر اسد عمر ہونگے ۔کمیٹی کے قیام کااعلان سپیکر اسد قیصر نے گزشتہ روزاجلاس کی کارروائی کے دوران کیا۔انہوں نے آگاہ کیا کہ ارکان کی مدد کیلئے قانون کے مسودے تیار کرنے کیلئے ڈیسک اور ونگ قائم کر دیئے گئے ہیں۔ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن یا براہ راست ڈیسک سے رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔کمیٹی ارکان میں ایاز صادق ،سید نوید قمر،امیر حیدر ہوتی، شاہدہ اختر علی، غوث بخش مہر، راجہ پرویز اشرف ،اسرار ترین،صابر حسین قائم خانی ،رانا تنویر حسین،ملک عامر ڈوگر علی محمد خان شامل ہونگے ۔دوسری جانب قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ریلوے کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔ پارلیمانی سیکرٹری آبی وسائل جمیل احمد خان نے بتایاکہ ہماری دو سے تین ٹن مچھلی روزانہ ہمسایہ ملک سمگل ہورہی ہے جسے روکنے کا میکنزم بنارہے ہیں۔ رانا تنویز کا کہنا تھا کہ گندم کی امدادی قیمت 1350 روپے سے بڑھا کر 1400 روپے کی جائے ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ عمرہ زائرین کیلئے ہوٹل کے کمروں کی ای بکنگ پر پابندی ہے ۔ایوان کو بتایا گیا کہ 2018ء تک آبادی میں بے تحاشہ اضافہ سے پاکستان میں فی کس پانی کی دستیابی 5260 کیوبک میٹر سالانہ سے کم ہو کر 908 کیوبک میٹر ہو گئی ہے ، 2025ئتک مزید کم ہو کر 800 کیوبک میٹر سالانہ ہو جائیگی۔ بعد ازاں سپیکرنے قومی اسمبلی کی کارروائی آج (جمعہ)تک ملتوی کردی ۔ قومی اسمبلی/وقفہ سوالات