اسلام آباد ،لاہور،کراچی ،پشاور ( سپیشل رپورٹر ،کامرس رپورٹر ،سٹاف رپورٹر )ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایاگیا ، ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں ، مظاہرے کئے گئے ،انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئیں ،بھارتی پر چم ،مودی کے پتلے نذرآتش کئے گئے ، 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ سیاسی اور عسکری قیادت نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کرنیکا وقت آگیا ۔تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ اسلام آباد سے ڈی چوک تک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر عارف علوی ، چیئرمین سینیٹ ، سپیکر ،وفاقی وزرا ء اور دیگرحکام نے شرکت کی۔ صدر نے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری نے آنکھیں بند کررکھی ہیں ۔مظفرآباد میں یادگار شہدا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر علوی نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کی آزادی کو روک نہیں سکتی ، تقریب میں جنرل قمر جاوید باجوہ ،صدر ، وزیر اعظم آزاد کشمیر ، اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے صدر علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کا کوئی سیاستدان کشمیر پر سمجھوتہ کی جرات نہیں کر سکتا ۔ عمران خان نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان حق خود ارادایت کی منصفانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے ، وقت آ گیا ہے کہ دنیا کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کانوٹس لے ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ آرمی چیف نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیریوں کی دلیرانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے لاہور پریس کلب میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی کوشش ہے کہ مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کردیا جائے ،ہندو توا کی سوچ رکھنے والی جماعت کو وزیر اعظم نے بے نقاب کیا ۔ لاہور میں گورنر سرور، اسلم اقبال اور حسان خاور کی قیادت میں گور نر ہائوس میں ریلی نکالی گئی ، سینکڑوں افراد نے شر کت کی ، گور نر نے کہا کہ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر یوں کو بھارتی مظالم سے نجات ملے گی ۔ حسان خاور نے کہا کہ حکومت نے کشمیر یوں کا مقدمہ جس طر ح لڑا ہے ماضی میں اسکی کوئی اور مثال نہیں ملتی ۔ (ن) لیگ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی ، سعد رفیق نے خطاب کے دوران کہا کشمیر کی آزادی کے بغیر تحریک پاکستان کا ایجنڈا نامکمل ہے ۔پشاور میں بھی ریلی نکالی گئی، وزیراعلیٰ بھی شریک ہوئے ، گورنر نے کہا کہ کشمیری عوام کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے ۔زیارت میں پرچم کشائی کی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان ودیگر حکام شریک ہوئے ۔ جے یو آئی نے بھی ریلیاں نکالیں ، جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام مال روڈ پر مارچ کیاگیا جس کی قیادت امیر العظیم اور ذکر اللہ مجاہد نے کی جبکہ صدر سپریم کورٹ باراحسن بھون ودیگر نے شرکت کی ۔ میاں محمد اسلم نے اسلام آباد میں جلسہ سے خطاب کیا ۔ تحریک لبیک کے زیر اہتمام تمام شہروں میں ریلیاں نکالیں ، لاہور میں قیادت حافظ سعد حسین رضوی، پیر سید ظہیر الحسن شاہ ودیگر نے کی ، حافظ سعد رضوی نے کہا کہ غلطی سے کشمیر فروش حکمران بن گیا ۔ املاک بورڈ کے زیر اہتمام مساجد مندروں، گورودواروں میں دن کا آغاز خصوصی تقاریب سے ہوا ۔ جمعیت علماء پاکستان ، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، سنی تحریک ، مجلس احرار اسلام ، تحریک راہ حق پارٹی ،سٹی ٹریفک پولیس ،پنجاب ایمرجنسی سروس نے بھی ریلیاں نکالیں ۔ نیویارک (92نیوزرپورٹ، ندیم منظور سلہری سے ) دنیا بھر میں بھی یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا ،مظاہرے کئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق امریکہ ،برطانیہ ،بیلجیئم،آسٹریا سمیت دیگر ممالک میں بھی ریلیاں نکالیں گئیں ۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن نیویارک کی جانب سے ورچوئل تقریب میں مقررین نے مطالبہ کیا کہ ہندوستان 5 اگست 2019 سے شروع کیے گئے اپنے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو واپس لے ۔ منیر اکرم نے کہا کہ اقوام متحدہ نے بھارت سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا ، ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے ، او آئی سی کے معزز سفیروں، نمائندوں نے شرکت کی۔ واشنگٹن پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام ویبینار کا انعقاد کیا گیا جس میں افضل خان، اعزاز چوہدری، اسد مجید خان ودیگر نے خطاب کیا ۔