اسلام آباد (وقائع نگار) اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق حکومت کی ایک اور محنت رنگ لے آئی، وزارت اوورسیز پاکستانیز اور سوشل سکیورٹی ملائیشیا میں اہم معاہدہ طے پا گیا۔وزارت اوورسیز پاکستانیز اور ملائیشیا کی سوشل سکیورٹی کے درمیان طے پانے والے اہم معاہدے پرپاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ اور سی ای او ملائیشین سوشل سکیورٹی نے دستخط کیے ۔یہ تقریب سوشل سکیورٹی ملائیشیا کے ہیڈ کوارٹرز میں ہوئی۔ وزارت اوورسیز کے مطابق پاکستانی محنت کشوں کی ملائیشین سوشل سکیورٹی میں رجسٹریشن کا آغاز ہو گیا ، اب ملائیشین ایمپلائرز پاکستانی محنت کشوں کی معلومات ملائیشین سوشل سکیورٹی کو دینگے ، حادثے کی صورت میں پاکستانی محنت کشوں کو مفت طبی و مالی امداد ملے گی جبکہ انتقال کی صورت میں لواحقین کو تاحیات ماہانہ وظیفہ ملے گا۔ وزارت اوورسیز کا کہنا ہے کہ سالانہ 15 ہزار پاکستانی کام کی غرض سے ملائیشیا جاتے ہیں، ملائیشیا میں کام کرنے والے 82ہزار پاکستانی اس اہم معاہدے سے مستفید ہوں گے ۔سی ای او سوشل سکیورٹی ملائیشیا نے کہا کہ پاکستان کی ملائیشیا میں محنت کشوں کی فلاح و بہبود پر سنجیدگی قابل ستائش ہے ۔ معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے معاہدے کوسراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا تحفظ اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔