لاہور(خصوصی نمائندہ،ایجنسیاں )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں صرف اپنی کرپشن بچانے کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہیں۔ ملک کی بنیادوں کو کھوکھلاکرنے والے عناصر کو حساب دینا پڑے گا۔ ماضی کے ادوار میں بے حساب کرپشن کو قوم ابھی تک نہیں بھولی۔ کرپٹ عناصر ملک وقو م کے مجرم ہیں۔سابق دور میں قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والے احتساب سے خوف زدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں نے کورونا پر بھی ڈیڑھ انچ کی مسجد بنائی ہوئی ہے ۔ انتہائی نازک مرحلے پر اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ قابل افسوس بھی ہے اور قابل مذمت بھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا سے نمٹنے کے لئے بروقت اجتماعی فیصلے کئے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شدید متاثرہ علاقے سیل کئے گئے ہیں اور پنجاب میں حالیہ پابندیوں پر عملدرآمد کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ کورونا سے شدید متاثرہ علاقوں کو آئندہ بھی سیل کیا جائے گا۔احتیاط کے ساتھ زندگی بسر کرنے سے ہی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا کے ٹیسٹ کی استعداد کار 12 ہزار ہو گئی ہے ۔ لاہور، راولپنڈی، ملتان اور دیگر شہروں کے ہسپتالوں میں ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ لیپ ٹاپ کے سامنے بیٹھ کر فوٹو سیشن کرنے والوں نے اپنے دور میں شعبہ صحت کا بیڑا غرق کیا۔ سابق دور میں ہسپتالوں پر توجہ دی گئی نہ دیہی و بنیادی مراکز صحت پر سستی شہرت کے شوقین شوبازیوں میں مصروف رہے اور عوام معیاری علاج کیلئے ترستے رہے ۔اپوزیشن والے اپنے دور میں شعبہ صحت کیلئے عملی اقدامات کرتے تو انہیں علاج کیلئے باہر نہ جانا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ پراپیگنڈا کی سیاست اپوزیشن کا وطیرہ ہے ۔ منفی سیاست کو پروان چڑھانے والی اپوزیشن کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو چکی ہے ۔ اپوزیشن رہنماؤں کو پوائنٹ سکورنگ چھوڑ کر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مظفر گڑھ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع،سپریم کورٹ کے جسٹس عمر عطا بندیال کی والدہ، معروف قانون دان اے کے ڈوگر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے سرگودھا کے علاقہ فروکہ میں سوتیلے باپ کی زیادتی اور تشدد سے 4 سالہ بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور گرفتار ملزماں میاں بیوی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دے دیا۔