لاہور(مانیٹر نگ ڈیسک )سینئر سیاستدان رضا حیات ہراج نے کہا ہے اس وقت ملک میں بہت مسائل ہیں اور یہ حکومت کے اپنے پیدا کردہ ہیں ۔پروگرام جواب چاہئے میں اینکر پرسن ڈاکٹر دانش سے گفتگو میں انہوں نے کہا سیاست میں گفت وشنید جاری رہتی ہے ،سیاسی پارٹیوں کو مشاورت اور گفتگو کیلئے اپوزیشن کیلئے دروازے کھلے رکھنے چاہئیں،حکومت نے پوری اپوزیشن کو ون پوائنٹ ایجنڈے پر اکٹھا کردیا،یہ کچھ ڈلیور بھی نہیں کرپا رہے ،پنجاب میں 16مہینے میں چوتھا آئی جی ہے ، وزیر اعلیٰ کے پانچ پرنسپل سیکرٹری تبدیل ہوچکے ،پی آئی سی واقعہ پراگر کوئی وزیر ہوتا تو استعفیٰ دے کر گھر چلا جاتا مگر وہ تو قوم کو بتانے کی کوشش کررہے ہیں کہ ہم نے بہت بہادری کا کام کیا ہے تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا حکومت کہیں نہیں جارہی ، دسمبر میں حکومت رہے گی مگر 2019ضرور ختم ہوجائیگا،ملک کو لوٹنے والے آج ہمیں برا کہتے ہیں، اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ملک میں تمام بیماریوں کے ذمہ دار ہم ہیں تو ہم گھر چلے جاتے ہیں اور نوازشریف اور آصف زرداری کو پھر لے آئیں،جو کسر رہ گئی ہے وہ پوری کردینگے ،ہم اسی پارلیمان کو پانچ سال چلا کر دکھائینگے ،عمران خان ملک کی ترقی کیلئے آخری دم تک لڑینگے ۔پیپلز پارٹی کے رہنما حیدر زمان قریشی نے کہاہم نے کوشش کی کہ اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ میں بیٹھ کربتانے کی کوشش کریں، جو آرٹی ایس فیل اور جھرلو الیکشن ہوا اسے نہیں مانتے ،چیف الیکشن کمشنر جاتے ہوئے کہہ کر گئے کہ اگلی مرتبہ الیکشن میں آرٹی ایس نظام استعمال نہیں ہونا چاہئے ،انہوں نے یہ نہیں بتایا کیوں نہیں ہونا چاہئے ، ایک بجٹ تو انہوں نے مشکل سے پاس کرا لیا مگر اگلا بجٹ پاس نہیں ہوگا، حکومت کیخلاف تمام اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔