مظفرآباد(صباح نیوز) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ کشمیر امت مسلمہ کا مسئلہ ہے ، پوری دنیا کے مسلمانوں کو مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم کیخلاف آواز بلند کر کے اپنا دینی اور ملی فریضہ ادا کرنا چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز معروف بزنس مین اور پنجاب انویسٹمنٹ بورڈ کے چیئرمین سردار تنویر الیاس کی طرف سے روضہ رسول ﷺ کے چابی بردار الشیخ نوری محمد علی کے عزاز میں استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف، سابق ایم این اے انجم عقیل،سابق نیول چیف ایڈمرل عبدالعزیز مرزاودیگر موجود تھے ۔ سردار عتیق نے کہا ہندوستان نے مقبوضہ وادی کو جیل میں بدل دیا ہے ۔80لاکھ کی آبادی بھارتی فوج کے رحم وکرم پر ہے ۔ذرائع ابلاغ پر پابندیاں ہیں اور یہ صورتحال کسی بڑے انسانی المیہ کی جانب اشارہ کرتی ہے ۔ کشمیری عوام کو مسلمان ہونے کی سزا دی جارہی ہے ۔ اقوام متحدہ، او آئی سی اور امریکہ جیسے بااثر ممالک نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو جنوبی ایشیا کسی تباہی کا شکار ہوسکتا ہے ۔ خطے میں تین ایٹمی طاقتیں براہ راست آمنے سامنے ہیں۔ فلسطین اور کشمیر جیسے مسائل حل کیے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔دنیا میں پھیلے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کیلئے نئی حکمت عملی اپنانی چاہیے ۔ نریندر مودی اپنی حرکتوں کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے امن کے ساتھ کھیل رہا ہے ۔ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے اور کشمیر 126دن سے محاصرے کا شکار ہے ۔ مشکلات کے باوجود کشمیری عوام نے ہندوستان کو جبر اور قبضے کو قبول نہیں کیا۔