لاہور(نیٹ نیوز) پنجاب کے ایک والد کی اپنی بیٹی کے ساتھ صوبے کے قریہ قریہ نگر نگر گھومنے کی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں اور لوگ دیہاتی زندگی کو دیکھ کر محظوظ ہو رہے ہیں۔پنجاب کے طاہر مہدی کی اپنی جواں سالہ بیٹی مومل طاہر کے ساتھ پنجاب کے دیہات میں جاکر دیہاتی زندگی سے متعلق ناظرین کو معلومات دینے کی ویڈیوز کافی مقبول ہو رہی ہیں،طاہر مہدی نے بیٹی کے ساتھ قریہ قریہ نگر نگر جاکر وی لاگ بنانے اور شہروں میں بیٹھے لوگوں کو دیہی زندگی دکھانے کا منصوبہ ملٹی میڈیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم سجاگ کے ساتھ شروع کیا۔ ان کی جانب سے دیہی زندگی کو دکھانے اور اس متعلق لوگوں تک معلومات پہنچانے کی سلسلہ وار ویڈیوز کا آغاز سال نو کے موقع پر ہوا تھا اور انہوں نے پہلی ویڈیو 3 جنوری 2020 کو ریلیز کی تھی،دونوں اب تک قریہ قریہ نگر نگر سفر کی 4 قسطیں جاری کر چکے ہیں اور آنے والے دنوں میں ان کی مزید قسطیں جاری کی جائیں گی۔موٹر سائیکل ڈائریز کے نام سے پنجاب کی دیہی زندگی پر بنائی گئی مذکورہ ویڈیوز 12 سے 13 منٹ کے دورانیے پر مشتمل ہیں اور ان ویڈیوز میں دیہات کی زندگی کو اصل شکل میں دکھانے کی کوشش کی گئی ہے ،ویڈیوز میں دیہی زندگی اور زراعت پر پڑنے والے اثرات کو بھی دکھایا گیا ہے ۔