کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) موٹر سائیکل پر پاکستان کا چکر لگانے والا لاہور کا نوبیاہتا جوڑا کوئٹہ پہنچ گیا ۔ ٹورسٹ جوڑا موٹرسائیکل پر ’’ پر امن پاکستان ‘‘ کا پیغام دینے نکلا ہے ۔عبدالرحمٰن اور عائشہ صدیق اڑھائی ماہ قبل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے ، دونوں زندگی کے ہمسفر تو ہیں ہی لیکن اب ایسے یادگار سفر کا حصہ بھی بن گئے ہیں جس کا مقصد دنیا کو پاکستان کے مثبت چہرے سے روشناس کرانا ہے ۔ عائشہ صدیق نے کہا شادی کا اس سے بہتر تحفہ اور کوئی نہیں کہ ہمیں پیارے ملک پاکستان کا ہر موسم اور ثقافت دیکھنے کا مو قع ملا۔عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ جہاں گئے محبتیں ملیں، دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان پرامن ملک ہے ۔ شا دی کے 11 روز بعد شروع ہونیوالا عبدالرحمٰن اور عائشہ کا یہ سفر ایک ہفتے بعد لاہور پہنچ کر ختم ہو گا۔